جموں،6؍مئی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)جموں وکشمیرکی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے اعتراف کیاہے کہ کشمیر کے حالات ٹھیک نہیں ہیں۔اس سے جموں کی صورتحال پربھی اثرپڑرہاہے۔انہوں نے نے مسئلہ کشمیر کو لے کربھی بڑا بیان دیاہے۔محبوبہ نے کہا ہے کہ اگر مستقبل میں کشمیر کا مسئلہ حل اگرکوئی کرسکتاہے تووزیر اعظم نریندر مودی کرسکتے ہیں۔ایک پروگرام میں انہوں نے کہاکہ کشمیرکامسئلہ 70سال پرانا ہے۔محبوبہ مفتی نے کہاکہ اگرہمیں دلدل سے کوئی باہرنکال سکتا ہے تو وہ پی ایم مودی ہیں۔وہ جو فیصلہ کریں گے اس فیصلے کوپوراملک حمایت دے گا۔محبوبہ نے کہاکہ پہلے بھی کئی وزیر اعظم پاکستان جانا چاہتے تھے، لیکن انہوں نے ہمت نہیں کی۔پی ایم مودی کالاہورجاکر پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف سے ملنا ان کی طاقت کی نشانی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم حالات کوبہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن کچھ طاقتیں نہیں چاہتی ہیں کہ ایسا ہو۔محبوبہ نے بھروسہ دلایا تھا کہ دو تین ماہ میں کشمیرکے حالات سدھر جائیں گے۔محبوبہ نے یہ بھی کہا تھا کہ کشمیرمیں اپنوں سے بات ہونی چاہئے۔جبکہ بی جے پی علیحدگی پسندوں سے بات چیت کے حق میں نہیں ہے۔